نئی دہلی، 27؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے آج اس امید کا اظہار کیا کہ تشددزدہ وادی کشمیر میں حالات جلد ہی معمول پر آ جائیں گے کیونکہ مرکز اور جموں و کشمیر حکومت مکمل تعاون کے ساتھ صحیح سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔حزب المجاہدین کے جنگجو برہانی وانی کی 8؍ جولائی کوسیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ہوئی موت کے بعد سے وادی میں گزشتہ 49دنوں سے حالات کشیدہ ہیں۔انہوں نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ مرکز اور ریاست کے درمیان مکمل تال میل ہے اور اس طرح ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، مجھے پختہ یقین ہے کہ جلد ہی وادی میں حالات معمول پر آ جائیں گے۔وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت سنگھ نے اس سے قبل کہا تھا کہ سری نگر کی گلیوں میں رہنے والا عام شہری تشدد کو صحیح نہیں ٹھہراتے لیکن غیر ملکی ایجنسیوں کی طرف سے حمایت یافتہ کچھ مٹھی بھر لوگ ہیں جو وادی میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔وادی میں 9 ؍جولائی سے اب تک دو پولیس اہلکاروں سمیت 68شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔